اسٹیٹ بینک کی جانب سے سود کی شرح کا اعلان

اسٹیٹ بینک نے ملکی معیشت کے لیے نئی سود کی شرح کا اعلان کر دیا فائل فوٹو اسٹیٹ بینک نے ملکی معیشت کے لیے نئی سود کی شرح کا اعلان کر دیا

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے شرح سود سے متعلق اہم اعلان کردیا، مانیٹری پالیسی کمیٹی نے اسے11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک نے آئندہ دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا، ملک میں سیلاب کی صورتحال کے سبب شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھی گئی ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کی سربراہی میں مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا گیا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق معاشی کارکردگی اہداف سے کم رہنے کا خدشہ ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ زری پالیسی کمیٹی نے نوٹ کیا ہے کہ توانائی کی قیمتوں، خاص طور پر گیس کے نرخوں میں توقع سے زیادہ ردو بدل سے مہنگائی کے منظر نامے میں کچھ بگاڑ آیا ہے۔

تاہم توقع ہے کہ مستقبل میں مہنگائی ہدف کی حد میں آکر مستحکم ہو جائے گی۔

اس حوالے سے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کا کہنا ہے کہ پالیسی ریٹ کم نہ کرنا سمجھ سے بالا ہے، مہنگائی کے تناسب سے شرح سود 6 سے7 فیصد ہونی چاہیے۔

یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان مالی سال 26-2025 کے لیے مانیٹری پالیسی کے اعلانات کا شیڈول جاری کر چکا ہے، جس کے مطابق رواں مالی سال میں اسٹیٹ بینک 8 بار مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا۔

شیڈول کے مطابق پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان30 جولائی کو کیا گیا تھا، دوسری مانیٹری پالیسی آج 15ستمبر کو جاری کی گئی ہے، تیسری 27 اکتوبر اور چوتھی 15 دسمبر کو آئے گی جب کہ پانچویں پالیسی 26 جنوری 2026 اور چھٹی پالیسی 9 مارچ 2026 کو پیش کی جائے گی۔

ساتویں مانیٹری پالیسی کا اعلان 27 اپریل 2026 اور مالی سال کی آخری پالیسی کا اعلان 15 جون کو ہوگا، مذکورہ مانیٹرنگ پالیسیوں کے ذریعے شرح سود کا تعین کیا جائے گا۔

 

install suchtv android app on google app store