اگر ایران پر حملہ ہوا تو جہنم کے دروازے کھول دیں گے، سربراہ پاسداران انقلاب

سپاہِ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد پاکپور فائل فوٹو سپاہِ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد پاکپور

سپاہِ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد پاکپور نے ایران کی خودمختاری پر میلی آنکھ اٹھانے والوں کو سخت و شاندار جواب کی وارننگ دے دی۔ ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل پاکپور نے عراق کے قومی سلامتی مشیر قاسم الاعرجی سے ملاقات کے دوران کہا کہ اگر ایران کی سرحدی سلامتی یا خودمختاری پر کسی قسم کا حملہ کیا گیا تو ایران بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا اور دشمن کے لیے جہنم کے دروازے کھول دیں گے۔

جنرل پاکپور نے 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی دفاعی صلاحیت اور عوامی اتحاد کی تعریف کی اور کہا کہ دشمن نے ایران کے میزائل سسٹم کو کمزور سمجھا مگر ایران نے مؤثر جوابی کارروائی کے ذریعے اہداف کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی کوششیں جو ایرانی کمانڈروں کو ہدف بنانے یا اندرونی انتشار پیدا کرنے کی تھیں ناکام ہوگئیں، جس کا کریڈٹ رہبرِ معظم انقلاب اور عوام کی ہوشیاری کو جاتا ہے۔

ملاقات کے دوران سپاہ کے سربراہ نے عراق کی جانب سے جنگ کے دوران مخالف گروہوں کو قابو میں رکھنے کے لیے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور سیکیورٹی معاہدوں پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سرحدی علاقوں میں ایک مشترکہ فیلڈ کمیٹی کے قیام کی تجویز دی تاکہ دونوں ممالک کی سرحدی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

عراقی قومی سلامتی مشیر قاسم الاعرجی نے ایران کے کمانڈر تک عراق کے صدر اور وزیرِ اعظم کے سلام پہنچائے اور عراقی حکومت کی جانب سے ایران کے ساتھ سیکیورٹی معاہدوں پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔ الاعرجی نے کہا کہ ایران کی سلامتی، عراق کی سلامتی ہے اور عراق کی سرزمین کو ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ایک مشترکہ کمیٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا جو سیکیورٹی معاہدوں پر عملدرآمد اور سرحدی علاقوں میں غیرقانونی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گی۔

install suchtv android app on google app store