امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ پاکستان سے جنگ نہیں ہونی چاہیے۔ صدر ٹرمپ نے اوول آفس میں دیوالی کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم سے ٹیلیفون پر بات کی اور تجارت سمیت مختلف امور پر بھی بات چیت کی۔
صدر کا کہنا تھا کہ وہ مسائل کو تجارت کے ذریعے حل کر رہے ہیں اور ٹیلیفونک گفتگو کے دوران بھارتی وزیراعظم کو یہ بھی بتایا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جنگ کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے ایک اور بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے تجارت کے ذریعے اب تک 8 جنگوں کو روکا، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ تنازع بھی شامل تھا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران 7 طیارے گرائے گئے، لیکن دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان حقیقی جنگ کو انہوں نے تجارت کے ذریعے ٹال دیا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو فون کرکے کہا اگر آپ جنگ کرتے ہیں تو امریکا آپ سے تجارت نہیں کرے گا جس کے بعد 24 گھنٹوں میں انہوں نے مجھے کال کرکے بتایا کہ وہ جنگ نہیں کرنا چاہتے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد مرتبہ پاک بھارت جنگ رکوانے کا کریڈٹ لے چکے ہیں۔