یوٹیوب میں آخرکار ایک ایسے فیچر کو کنٹرول کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جو صارفین کو بالکل بھی پسند نہیں۔ درحقیقت صارفین کی جانب سے عرصے سے اس فیچر کو متروک قرار دینے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ یوٹیوب میں جب بھی آپ ویڈیوز دیکھتے ہیں تو اختتام پر ریکومینڈیشن ویڈیوز پوپ اپ کے ذریعے نظر آتی ہیں، جس کے باعث ویڈیو کے آخری لمحات دیکھنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ مگر اب کمپنی کی جانب سے اس کا حل پیش کیا جا رہا ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے ایک نیا ہائیڈ (hide) بٹن متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے جو پوپ اپ ریکومینڈیشنز سے نجات دلائے گا۔ یہ بٹن اسکرین کے اوپری دائیں کونے پر موجود ہوگا اور اسے کلک کرکے آپ ویڈیو کو کسی ریکومینڈیشنز یا لنکس کے بغیر دیکھ سکیں گے۔
اسی طرح شو بٹن کو کلک کرکے آپ ان ریکومینڈیشنز یا لنکس کو واپس لاسکیں گے۔ ویسے تو یہ تبدیلی بیشتر افراد کے بڑے درد سر کو ختم کر دے گی مگر پھر بھی ایک مسئلہ موجود ہے۔ جب آپ ہائیڈ بٹن کو استعمال کریں گے، تو صرف اسی ویڈیو کے پوپ اپ کو ہٹانا ممکن ہوگا جو آپ دیکھ رہے ہوں گے۔
یعنی ہر ویڈیو پر آپ کو اس بٹن کو استعمال کرنا ہوگا۔ یہ فیچر دنیا بھر میں متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور ابھی بھی متعدد افراد کو دستیاب ہے۔ یوٹیوب کی جانب سے یہ فیچر اس لیے متعارف کرایا گیا ہے کیونکہ صارفین کی جانب سے ویڈیو ریکومینڈیشنز پوپ اپس پر شکایات کی گئی تھیں۔
مگر اس میں اتنا عرصہ کیوں لگا؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ یوٹیوب کو خدشہ تھا کہ اس سے صارفین کی ویڈیوز کے پرفارمنس نمبر متاثر ہوں گے۔ اس حوالے سے یوٹیوب نے ایک ٹیسٹ کیا اور دریافت ہوا کہ پوپ اپ کو ہائیڈ کرنے سے انگیج منٹ متاثر نہیں ہوتی۔