اگر آپ یوٹیوب شارٹس بنانا پسند کرتے ہیں مگر ویڈیو ریکارڈ کرنا مشکل محسوس ہوتا ہے تو اب ایسا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ گوگل نے اپنے سب سے ایڈوانس آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ویڈیو جنریٹر ویو 3 کو یوٹیوب شارٹس میں شامل کر دیا ہے۔
آپ کو بس وہاں لکھنا ہوگا کہ آپ کیسی ویڈیو بنانا چاہتے ہیں، اس کے بعد ویژول اسٹائل جیسے انیمیٹڈ یا سنیماٹک کا انتخاب کرنا ہے۔ اس کے بعد ویو 3 آپ کی ہدایات کے مطابق مختصر ویڈیو تیار کر دے گا۔ ویو 3 کا فاسٹ ورژن 8 سیکنڈ طویل ویڈیو بنائے گا جس کا معیار ضروری نہیں، بہت زیادہ اچھا ہو مگر پھر بھی یہ متاثر کن ہے کیونکہ وہ کسی فلم فوٹیج کے بغیر کام کرے گا۔
خیال رہے کہ جون 2025 میں کمپنی کی جانب سے ویو 3 کو یوٹیوب شارٹس کا حصہ بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس موقع پر یوٹیوب کے چیف ایگزیکٹو نیل موہن نے بتایا تھا کہ ویو 3 کو آئندہ چند ماہ کے دوران کسی وقت براہ راست یوٹیوب شارٹس کا حصہ بنا دیا جائے گا۔
کانز لائنز فلم فیسٹیول کے دوران نیل موہن نے بتایا کہ اے آئی سے اپ کو لامحدود مواقع ملیں گے، ہر فرد جو کسی کہانی کو شیئر کرنا چاہتا ہے، وہ اپنے خواب کو کیرئیر میں تبدیل کرسکے گا۔ یہ اے آئی ٹول تحریری ہدایات کے مطابق مکمل کلپس تیار کرسکتا ہے جو آڈیو اور ویڈیو دونوں پر مبنی ہوتے ہیں جبکہ اس کی تیار کردہ ویڈیوز کافی حد تک حقیقی محسوس ہوتی ہے۔
ابھی ویو 3 کا استعمال گوگل کے اے آئی پرو یا اے الٹرا کے صارفین ہی کرسکتے ہیں اور دونوں پروگرامز کے لیے ماہانہ فیس ادا کرنا پڑتی ہے۔ مگر یہ اے آئی ویڈیو جنریشن ٹول یوٹیوب شارٹس کے لیے مفت دستیاب ہوگا۔ اس ٹول سے بیشتر صارفین یوٹیوب سے کمانے کے قابل بھی ہوسکتے ہیں جبکہ اس وقت شارٹس سے کمانے والے افراد کی آمدنی متاثر ہوسکتی ہے۔
اس وقت ایک تخمینے کے مطابق یوٹیوب کے پارٹنر پروگرام میں شامل 25 فیصد سے زیادہ افراد شارٹس ویڈیوز سے پیسے کماتے ہیں۔