پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا ایشیا کپ فائنل بھارت کی جانب سے سیاست اور تنازع کی بھینٹ چڑھ گیا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کی متنازع حرکات کے علاوہ فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے پاکستانی کھلاڑی حارث رؤف کے مشہور ’’پلین ڈاؤن‘‘ ایکشن کی نقل کرتے ہوئے وکٹ حاصل کی اور وہی حرکت دہرائی۔
جس پر بھارتی بورڈ پہلے ہی ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) میں شکایت کر چکا تھا۔
یاد رہے کہ سپر فور مرحلے کے دوران حارث رؤف نے بھارتی تماشائیوں کی جانب رخ کرتے ہوئے ’’پلین ڈاؤن‘‘ اور 0-6 کا اشارہ دیا تھا۔
جو پاکستان کی اس کامیابی کی یاد دہانی تھی جب پاک فضائیہ نے بھارتی طیارے مار گرائے تھے۔ اس پر اے سی سی نے حارث رؤف پر جرمانہ عائد کیا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین نے بمراہ کے اس ایکشن پر دلچسپ اور طنزیہ ردعمل دیا۔ ایک صارف نے لکھا، ’’اب بھارتی بورڈ کو بمراہ کے خلاف اپنے رافیل گرانے پر شکایت کرنی چاہیے۔‘‘
ایک اور صارف نے پاک فضائیہ کے ترجمان کا طنزیہ حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’’بمراہ بھی جانتا ہے کہ رافیل ایک خطرناک طیارہ ہے اگر اسے صحیح طریقے سے استعمال کیا جائے۔‘‘
بھارت کی یہ حرکتیں واضح کرتی ہیں کہ وہ کھیل میں اسپورٹس مین اسپرٹ کے بجائے اپنی خفت مٹانے کے لیے ہر موقع پر منفی رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔
اسی ذہنیت کا مظاہرہ بھارت نے فائنل میچ کے بعد بھی کیا، جب ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ اور پاکستانی وزیر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا۔
تقریب کا انعقاد پینتالیس منٹ تک لٹکا رہا اور آخر کار بھارتی ٹیم ٹرافی لیے بغیر ہی جشن مناتی رہی، جبکہ اے سی سی نے ٹرافی اپنے پاس محفوظ کرلی۔