چئیرمین ڈرگ کورٹ محمد نوید رانا نے غیر قانونی ادویات کی تشہیر کے مقدمے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے معروف ٹک ٹاکر دانیہ شاہ کے شوہرحکیم شہزاد عرف "لوہا پاڑ" کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم جاری کر دیا جبکہ ان کے وارنٹ گرفتاری بھی دوبارہ جاری کر دیے گئے ہیں۔
عدالت نے اس کیس میں شریک ملزم اور حکیم شہزاد کے بیٹے نصیب الرحمان کے ضامن کی طرف سے جعلی مچلکے جمع کرانے پر سخت نوٹس لیا اور ضامن کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا۔ کیس کی سماعت کے دوران نصیب الرحمان عدالت میں موجود تھے جبکہ حکیم شہزاد غیر حاضر رہے۔
یاد رہے کہ ڈرگ انسپکٹر کی جانب سے حکیم شہزاد اور ان کے بیٹے کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرایا گیا ہے جس میں ان پر غیر قانونی اور غیر معیاری ادویات کی تشہیر اور فروخت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔