وزیراعظم شہباز شریف کا وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، حکام کی بریفنگ

وزیراعظم شہباز شریف ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، حکام کی جانب سے تفصیلی بریفنگ فائل فوٹو وزیراعظم شہباز شریف ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، حکام کی جانب سے تفصیلی بریفنگ

وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب سے شدید متاثرہ نارووال کا دورہ کیا جہاں انہیں حکام نے سیلاب کی صورتحال اور امدادی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے مون سون کے طویل دورانیے اور دریاؤں میں طغیانی کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق، مون سون کے پہلے مرحلے میں پہاڑی علاقوں میں شدید بارشیں ہوئیں جبکہ اب یہ سلسلہ میدانی علاقوں میں بھی جاری ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر اور سیالکوٹ ریجن میں غیر معمولی بارشوں کی وجہ سے دریاؤں میں طغیانی آئی ہے۔ مغربی دریا معمول کے بہاؤ پر ہیں لیکن مشرقی دریاؤں خصوصاً خانکی اور قادرآباد میں 10 لاکھ کیوسک کا ریلہ موجود ہے۔ جسر اور نالوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہے، جس کے باعث سیلابی صورتحال تشویشناک ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر پیشگی اطلاعاتی نظام کی بدولت نقصان کم سے کم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے اور آئندہ آنے والے سالوں میں اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے ریسکیو اور دیگر اداروں کو مزید متحرک کرنا ہوگا۔ پانی ذخیرہ کرنے کے لیے نئے چھوٹے ڈیمز کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے اور ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں اضافہ کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے قلیل، درمیانے اور طویل المدت پالیسی وضع کرنا ہوگی تاکہ مستقبل میں ایسی قدرتی آفات کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے گردوارہ کرتارپور میں سکھ یاتریوں کے محفوظ انخلا اور پانی کی نکاسی کے فوری انتظامات کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعظم کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نارووال سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے۔ انہوں نے پنجاب انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے کردار کو لائق تحسین قرار دیا اور بتایا کہ تمام متعلقہ اداروں نے فوری ردعمل دیا ہے۔ مویشیوں کے لیے پانی اور چارے کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے جبکہ ایک ہزار کلینکس متاثرہ علاقوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ پاک فوج بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بتایا کہ نارووال میں فصلیں شدید متاثر ہوئی ہیں اور کئی مقامات پر سڑکوں کا رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پہلے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں جانی نقصان ہوا اور اب سیلاب کا پانی پنجاب کے دریاؤں سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے پنجاب میں پی ڈی ایم اے، ریسکیو، پولیس اور پاک فوج کو دن رات کام کرتے ہوئے سراہا اور کہا کہ تمام ادارے ایک ٹیم کی طرح کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی کاموں میں مصروف تمام اہلکاروں اور اداروں کو خراج تحسین پیش کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے تمام اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم ورک کے ذریعے ہی ایسی قدرتی آفات کا مؤثر مقابلہ ممکن ہے۔

install suchtv android app on google app store