وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی کا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا، 4 امیدواروں نے کاغذات جمع کرادیے ہیں اور آج شام کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب کے لیے 4 امیدوار میدان میں آگئے، پاکستان تحریک انصاف کے نامزد وزیراعلیٰ سہیل افریدی، پیپلز پارٹی کے ارباب زرک، مسلم لیگ (ن) کے سردار جہان اور جے یو آئی (ف) کے مولانا لطف الرحمٰن کے کاغذات جمع کروادیے گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس کل صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے پی کا انتخاب کیا جائے گا۔
نئے قائد ایوان کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوگا، پی ٹی آئی کا 90 آزاد ارکان کی حمایت کے ساتھ پلڑا بھاری ہے جب کہ وزارت اعلیٰ کے لیے 73 ارکان کی حمایت درکا ہے۔
واضح رہے کہ 8 اکتوبر کو پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔
جس کے بعد علی امین گنڈا پور نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کے حکم پر وزارت اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔
قبل ازیں، ترجمان گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا نے علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج (11 اکتوبر) کی دوپہر ڈھائی بجے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا اپنے عہدے سے استعفیٰ باقاعدہ طور پر گورنر ہاؤس کو موصول ہوگیا۔
ترجمان گورنر ہاؤس نے بتایا کہ آئین و قانون کے مطابق استعفے کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور تمام معاملے کو شفاف انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔