پاکستان کی معیشت کے لیے ایک حیران کن خبر سامنے آئی ہے۔
ایئر کراچی کے چیئرمین اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کے سابق نائب صدر حنیف گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ تربیلا ڈیم کی مٹی میں 636 ارب ڈالر مالیت کا سونا موجود ہے۔
پیر کو کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف گوہر نے بتایا کہ یہ معلومات باضابطہ طور پر آرمی چیف کو پیش کی جا چکی ہیں اور انہوں نے اس بریفنگ پر مثبت ردعمل دیا ہے۔
حنیف گوہر کا کہنا تھا کہ غوطہ خوروں نے تربیلا ڈیم کے اندر سے مٹی کے نمونے جمع کیے جنہیں بعد ازاں لیبارٹری میں جانچا گیا۔
ان نتائج کی بنیاد پر ماہرین نے اندازہ لگایا کہ ڈیم کی مٹی میں موجود سونا تقریباً 636 ارب ڈالر کی مالیت رکھتا ہے، یعنی اتنا کہ پاکستان کا بیرونی قرضہ بھی ادا ہو سکتا ہے۔
حنیف گوہر نے بتایا کہ انہوں نے واپڈا کو پیشکش کی ہے کہ اگر وہ خود یہ منصوبہ شروع کرنا چاہیں تو ان کی کمپنی مدد کے لیے تیار ہے.
ورنہ ان کی ٹیم سرمایہ کاری کر کے سونا نکالنے اور حکومت کے حوالے کرنے کے لیے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہالینڈ کے ڈریجنگ ماہرین، ایمسٹرڈم اور کینیڈا کے شراکت داروں سے بھی بات ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ”اگر حکومت ہمیں اجازت دے تو ہم یہ منصوبہ فوری شروع کر سکتے ہیں“۔