وزیر خارجہ و نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اور ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے دوحہ میں گزشتہ رات طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو ’’درست سمت میں اٹھایا گیا مثبت قدم‘‘ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قطر اور ترکیہ کے تعمیری کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جب کہ ترکیہ میں ہونے والے آئندہ اجلاس میں ایک قابلِ اعتماد اور قابلِ تصدیق مانیٹرنگ میکنزم کے قیام پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کے مستقل سدباب کے لیے عملی تعاون ناگزیر ہے، تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے اور خطے میں دیرپا امن کی بنیاد رکھی جا سکے۔