عمران خان کی سابقہ ساس انتقال کر گئیں

  • اپ ڈیٹ:
جمائما گولڈ اسمتھ کی والدہ، لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ، 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں فائل فوٹو جمائما گولڈ اسمتھ کی والدہ، لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ، 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی سابق خوشدامن اور جمائما گولڈ اسمتھ کی والدہ، لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ، 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق لیڈی اینابیل 11 جون 1934 کو لندن میں پیدا ہوئیں اور برطانیہ کے سماجی و اشرافی حلقوں میں ایک نمایاں شخصیت کے طور پر جانی جاتی تھیں۔

لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ کے چھ بچے تھے، جن میں جمائما گولڈ اسمتھ کے علاوہ معروف سیاستدان اور سابق رکن پارلیمنٹ زیک گولڈ اسمتھ بھی شامل ہیں۔

لیڈی اینابیل کے دو بیٹے مختلف حادثات میں جاں بحق ہوئے؛ ایک مغربی افریقہ میں انتقال کر گیا جبکہ دوسرے کو شیر کے حملے میں ہلاک ہو گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے شوہر سر جیمز گولڈ اسمتھ نے لندن کے مے فئیر علاقے میں ان کے نام پر مشہور نائٹ کلب "اینا بیلز" قائم کیا تھا، جو برطانوی اشرافیہ اور شاہی خاندان کے افراد کا پسندیدہ مقام سمجھا جاتا تھا۔

لیڈی اینابیل نے محض 15 سال کی عمر میں "لیڈی اینابیل" کا خطاب حاصل کر لیا تھا۔ ان کی پہلی شادی مارک برلے سے 21 سال تک قائم رہی، اور 1978 میں انہوں نے سر جیمز گولڈ اسمتھ سے دوسری شادی کی۔

ان کے بیٹے زیک گولڈ اسمتھ کو برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں شامل کیا گیا، جبکہ 2016 میں انہوں نے لندن کے میئر کے انتخاب میں صادق خان کے خلاف حصہ بھی لیا تھا۔

واضح رہے کہ لیڈی اینابیل کی بیٹی جمائما گولڈ اسمتھ نے 1995 میں پاکستان کے سابق وزیرِاعظم اور بانی تحریک انصاف عمران خان سے شادی کی تھی، جو بعد ازاں 2004 میں طلاق پر اختتام پذیر ہوئی۔

لیڈی اینابیل کی وفات پر برطانوی سماجی و سیاسی حلقوں میں گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے، جہاں انہیں ایک بااثر، پر وقار اور خوش گفتار شخصیت کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔

install suchtv android app on google app store