پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے دعوے کو مسترد کر دیا کہ پاکستانی حملے میں 3 مقامی افغان کرکٹرز ہلاک ہو گئے۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے آئی سی سی کے متعصب، سلیکٹو اور غیر مصدقہ تبصرے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر لگایا گیا یہ الزام بے بنیاد ہے۔
عطا تارڑ نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی نے اس حوالے سے کوئی آزادانہ اور قابل اعتماد ثبوت فراہم نہیں کیا۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان خود سرحدی دہشت گردی کا شکار ہے اور یہ دعویٰ جے شاہ کے تحت آئی سی سی کی نئی قیادت کا معمول بن چکا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ آئی سی سی کے بیان کو جے شاہ نے سوشل میڈیا پر دہرایا، جس کے بعد افغان کرکٹ بورڈ نے بھی یہی دعویٰ دہرایا۔
وزیر اطلاعات نے اس موقع پر کہا کہ ان واقعات نے آئی سی سی کی غیر جانب دار حیثیت پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے حالیہ کشیدگی کے بعد پاکستان میں ہونے والے سہ ملکی سیریز سے دستبرداری کا اعلان کیا گیا ہے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان پاکستان میں نومبر میں ہونے والی ٹرائی نیشن سیریز میں شریک نہیں ہو گا۔