پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کے نئے آغاز کے ساتھ سیلاب کی صورت حال مزید مشکل ہو سکتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء سے اظہار افسوس کیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پیپلز پارٹی کے کارکن اور عہدیداران اس مشکل وقت میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے آگے بڑھیں اور اپنا کردار ادا کریں۔
بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا کر رہا ہے، اور مستقبل کے منصوبے ماحولیاتی حالات کو مدنظر رکھ کر بنانے ہوں گے۔
چیئرمین بلاول نے خبردار کیا کہ مون سون کے حالیہ نئے سلسلے کے آغاز کے ساتھ سیلاب کی موجودہ صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے، اور ہمیں ہر ممکنہ حالات کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ قوم تمام فرقہ وارانہ اور سیاسی تقسیم کو بالائے طاق رکھ کر بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہو۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہم نے پہلے بھی بحرانوں کا سامنا کیا ہے اور اتحاد اور ہمت سے ہم اس بار بھی کامیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 29 اگست تا 2 ستمبر اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ پنجاب کے شمالی وشمال مشرقی اضلاع میں30 سے 31 اگست کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔