وزیراعظم شہبازشریف کا گیلپ سروے بزنس کانفیڈنس انڈیکس رپورٹ پرخوشی کا اظہار

وزیراعظم شہبازشریف کا گیلپ سروے بزنس کانفیڈنس انڈیکس رپورٹ پرخوشی کا اظہار فائل فوٹو وزیراعظم شہبازشریف کا گیلپ سروے بزنس کانفیڈنس انڈیکس رپورٹ پرخوشی کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف نے گیلپ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بزنس کانفیڈنس انڈیکس رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری برادری کا قومی معیشت پر اعتماد چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچنا انتہائی خوش آئند ہے۔

گیلپ پاکستان سروے کے مطابق 46 فیصد کاروباری اداروں نے موجودہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا جو گزشتہ سال کے 24 فیصد کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔

سروے میں 61 فیصد شرکاء نے اپنے کاروباری آپریشنز کو "اچھا" یا "بہت اچھا" قرار دیا جو گزشتہ سروے سے 6 فیصد زیادہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا 2024 کی آخری سہ ماہی کے مقابلے میں ملکی معاشی سمت کا اسکور منفی 2 فیصد پر آ گیا ہے جو سیاسی و اقتصادی استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے سے سسٹم میں شفافیت آئی ہے اور تاجر برادری کے لیے سہولتیں پیدا ہوئی ہیں۔

انہوں نے میکرو اکنامک اصلاحات کے ثمرات عام آدمی تک پہنچنے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

شہباز شریف نے ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سروے کے مطابق خدمات اور تجارتی شعبوں میں نمایاں بہتری دیکھی گئی جبکہ مینوفیکچرنگ سیکٹر میں بحالی کی رفتار نسبتاً سست ہے۔

61 فیصد شرکاء مستقبل کے بارے میں پرامید ہیں لیکن مستقبل کے کاروباری اعتماد کا اسکور صرف ایک فیصد بہتر ہوا جو محدود ترقی کی رفتار کو ظاہر کرتا ہے۔

مہنگائی، توانائی کے اخراجات اور ٹیکسز کاروباری اداروں کے لیے اہم مسائل ہیں۔

28 فیصد شرکاء نے مہنگائی کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا جبکہ 18 فیصد نے یوٹیلٹی بلز اور 11 فیصد نے ٹیکسوں کو اہم چیلنج بتایا۔

تاہم، 47 فیصد شرکاء نے تصدیق کی کہ لوڈ شیڈنگ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کم ہوئی ہے۔

سروے میں رشوت کی شکایات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جہاں صرف 15 فیصد شرکاء نے گزشتہ چھ ماہ میں رشوت دینے کا اعتراف کیا جو Q4 2024 کے 34 فیصد کے مقابلے میں بہتری ہے۔

یہ کمی شفافیت میں اضافے یا کاروباری اداروں کی جانب سے زیادہ احتیاط کی عکاسی کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ سروے حکومتی معاشی پالیسیوں کی کامیابی اور کاروباری برادری کے بڑھتے اعتماد کا ثبوت ہے لیکن مستقل ترقی کے لیے میکرو اکنامک اصلاحات، پالیسی تسلسل اور ادارہ جاتی ردعمل کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔

install suchtv android app on google app store