شہباز شریف اور شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطے پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رابطے کے دوران وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور حج 2025 کی کامیاب تکمیل پر سعودی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے پاکستانی حجاج کرام کی اعلیٰ درجے کی میزبانی پر سعودی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا اورکہا کہ سعودی حکومت نے جس شاندار انداز میں انتظامات کیے، وہ قابل تحسین ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک،بھارت کشیدگی کے دوران سعودی عرب کے تعمیری کردار کو سراہا اور کہا کہ ایسے وقت میں سعودی حمایت قابلِ ستائش ہے۔پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور تمام مسائل پر بھارت کے ساتھ بامعنی اور سنجیدہ مذاکرات چاہتا ہے۔
ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیا کہ ایران،اسرائیل تنازع کا پرامن اور سفارتی حل ہی خطے میں استحکام لا سکتا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری ہونی چاہیے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر سعودی عرب کی خودمختاری اور سالمیت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان ہر ممکن سطح پر سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔