کھیروں کا پانی پینے کے 7 حیران کن فوائد

کھیروں کے پانی کے حیران کن فوائد فائل فوٹو کھیروں کے پانی کے حیران کن فوائد

کھیروں کو صرف سلاد یا ایسے ہی کھانے سے صحت کو فائدہ نہیں ہوتا۔ درحقیقت کھیروں کا پانی بھی صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ہوتا ہے۔

کھیروں کے پانی میں وٹامنز، اینٹی آکسائیڈنٹس اور ایسے غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں جو صحت کو بہتر بناتے ہیں۔
کھیرے کا پانی ایک سستا اور صحت کے لیے مفید مشروب ہے، جس کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔

1. جسمانی وزن میں کمی

کھیرے فائبر سے بھرپور اور کم کیلیوریز والی سبزی ہے۔
ایک کھیرے میں صرف 45 کیلوریز ہوتی ہیں اور جب آپ کھیروں کا پانی پیتے ہیں تو بنیادی طور پر کوئی کیلوری جزوبدن نہیں بناتے۔
یہی وجہ ہے کہ یہ مشروب جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔
سافٹ ڈرنکس اور جوسز کی جگہ کھیروں کے پانی کا استعمال جسمانی وزن میں کمی لانے کی کوششوں کو کامیاب بناتا ہے۔

2. ڈی ہائیڈریشن سے تحفظ

ویسے تو عام پانی کو پینے سے جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے محفوظ رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
مگر کھیروں کا پانی جسم میں پانی کی مقدار میں نمایاں اضافہ کرتا ہے کیونکہ اس سبزی میں پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔
ایک درمیانے حجم کے کھیرے میں لگ بھگ 300 ملی لیٹر پانی ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ کھیروں کا ذائقہ پانی پینے کا عمل بھی پرلطف بنا دیتا ہے۔

3. بلڈ پریشر میں کمی آتی ہے

کھیرے وٹامن کے اور پوٹاشیم سے بھرپور ہوتے ہیں تو اس کا پانی بلڈ پریشر کو صحت مند سطح پر مستحکم رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
وٹامن کے بلڈ کلاٹنگ کے لیے ضروری ہوتا ہے جبکہ پوٹاشیم سے بلڈ پریشر کو کنٹرول اور جسمانی سیال کا توازن برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے تک کھیروں کا پانی پینے اور طرز زندگی کے دیگر عناصر جیسے ورزش اور نمک کے کم استعمال سے بلڈ پریشر کی سطح میں کمی آتی ہے۔

4. دل کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے

کھیروں میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس سے دل کی صحت کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔
کھیروں میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس جیسے فلیونوئڈز سے صحت کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے۔
کولیسٹرول کی سطح میں اضافے سے امراض قلب اور فالج کا خطرہ بڑھتا ہے۔

5. ہڈیوں کو مضبوط بنانا ممکن

کھیروں میں موجود وٹامن کے ہڈیوں کے بننے کے عمل اور ہڈیوں کی مجموعی صحت میں کردار ادا کرتا ہے۔
کھیروں کا پانی اکثر پینے سے ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
ایک کھیرے میں وٹامن کے کی روزانہ درکار مقدار کا 40 فیصد حصہ ملتا ہے۔
کھیروں کا پانی پینے کے ساتھ انہیں کھانے سے ہڈیوں کے لیے ممکنہ فوائد میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے

6. جگمگاتی جِلد

جسم میں پانی کی مناسب مقدار جِلد کو صحت مند رکھنے کے لیے ضروری ہوتی ہے۔
کھیروں میں موجود پانی سے جسم کو وٹامن سی اور اے جیسے اجزا بھی ملتے ہیں جو جِلد کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں۔
یہ مشروب جِلد کو اندر سے سکون پہنچاتا ہے جس سے خارش اور ورم میں کمی آتی ہے۔

7. دائمی امراض سے بچنے میں مدد ملتی ہے

کھیروں میں ایسے اینٹی آکسائیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو ممکنہ طور پر امراض قلب اور کینسر کی مخصوص اقسام سے تحفظ فراہم کرسکتے ہیں۔
جانوروں پر ہونے والے تحقیقی کام میں دریافت کیا گیا کہ کھیروں کے استعمال سے ذیابیطس سے بچنے میں مدد ملتی ہے جبکہ بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھنا ممکن ہوتا ہے۔

کھیرے کا پانی کیسے تیار کریں؟

اس کے لیے 8 کپ پانی، 2 کھیرے (باریک ٹکڑوں میں کاٹ لیں) اور آدھا چائے کا چمچ نمک درکار ہوگا۔
ایک جگ میں کھیرے کے ٹکڑے اور نمک کو ڈال دیں۔
اس کے بعد پانی انڈیل کر جگ کو اچھی طرح ہلائیں اور پھر ڈھانپ کر کم از کم 4 گھنٹوں یا رات بھر کے لیے فریج میں رکھ دیں۔
اس مشروب کو 3 دن کے اندر پی لیں۔

 

 

 

install suchtv android app on google app store