بولی وڈ نے “آپریشن سندور” پر پروپیگنڈا فلم بنانے کا اعلان کیا تو پاکستان نے اس سے پہلے ہی پہلگام فالس فلیگ واقعے پر مبنی ٹیلی فلم ”بے گناہ“ تیار کر کے حقیقت عوام کے سامنے پیش کر دی۔ اپریل 2025 میں مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں اچانک فائرنگ ہوئی، جس میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہوئے، جن میں کچھ غیر ملکی سیاح بھی شامل تھے۔
تاہم زیادہ تر ہلاک شدگان بھارتی سیاح تھے۔ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگایا اور فوری طور پر آپریشن سندور کے تحت پاکستان پر حملہ کیا۔
پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے چھ طیارے مار گرائے، جن میں رافیل، مگ-29، سخوئی-30 اور دیگر شامل تھے۔
یہ کارروائی بھارت کی فضائیہ کی جانب سے کیے گئے حملوں کا جواب تھی اور اسے معرکہ حق کے طور پر پیش کیا گیا۔
بعد ازاں بھارت نے عالمی سطح پر اپنی خفت کو چھپانے کے لیے فلم انڈسٹری کو “آپریشن سندور” اور “مشن پہلگام” نامی دو پروپیگنڈا فلمیں بنانے کا ٹاسک سونپا۔
لیکن یہ فلمیں ابھی صرف اعلان تک محدود تھیں کہ پاکستان نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے ٹیلی فلم "بے گناہ" کی ریلیز کا اعلان کر دیا۔
گرین انٹرٹینمنٹ کی یہ پیشکش نہ صرف کشمیری عوام کی قربانی اور جدوجہد کو اجاگر کرتی ہے بلکہ بھارتی پروپیگنڈا اور جھوٹے الزامات کے ردعمل کے طور پر ایک مضبوط پیغام بھی دیتی ہے۔
فلم کے پروڈیوسرز کے مطابق ”بے گناہ“ بھارتی پروپیگنڈے کا جواب ہے اور اسے حوصلے، قربانی اور حقائق کی کہانی کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
فلم کے اسکرپٹ کے مصنفین علی معین اور عرفان چانڈیو ہیں، جبکہ شمعون عباسی اس کے ڈائریکٹر بھی ہیں اور خود اداکاری کی بھی کی ہے۔ دیگر کاسٹ میں فراز فاروقی، نازش جہانگیر، حسن نیازی اور سلیم شیخ شامل ہیں۔
ٹیلی فلم کا ٹیزر ستمبر 2025 کے آخر میں جاری کیا گیا اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ جلد ہی گرین انٹرٹینمنٹ چینل پر نشر ہو جائے گا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق یہ فلم کشمیری عوام کی جدوجہد اور بھارتی پروپیگنڈا کے خلاف ایک مضبوط پیغام پیش کرے گی اور عوام کو حقائق کے قریب لے جانے کی کوشش کرے گی۔