جون 2025 میں عید الاضحیٰ کے موقع پر ملک میں ریلیز کی جانے والی ہارر فلم’ ’دیمک‘‘ کو مقامی باکس آفس پر شاندار کامیابی کے بعد آئندہ ماہ دنیا بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
ایک شوبز ویب سائٹ کے مطابق ’’دیمک‘‘ کو شاندار کہانی، مناظر اور فلم نگاری کی وجہ سے اکتوبر میں یورپ،امریکا اور مشرق وسطیٰ ممالک میں ریلیز کیا جائے گا۔
فلم کو ابتدائی طور پر برطانیہ،امریکا، کینیڈا اورمتعدد دیگر یورپی ممالک میں ریلیز کیا جائے گا، جس کے بعد ترتیب وار اسے خلیجی اور مشرق وسطیٰ ممالک میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔
’’دیمک‘‘ کو 17 اکتوبر کو امریکا اور یورپ جبکہ 23 اکتوبر کو خلیجی اور مشرق وسطیٰ ممالک میں ریلیز کردیا جائے گا۔
’’دیمک‘‘نے پاکستان میں 18 کروڑ روپے کے لگ بھگ کمائی کی تھی جو پاکستان میں کسی بھی مقامی ہارر فلم کی سب سے زیادہ کمائی تھی۔
رافع راشدی کی ہدایت کاری اور عائشہ مظفر کی تحریر کردہ اس فلم کی کہانی ساس بہو کے درمیان کشیدہ تعلقات کے گرد گھومتی ہے۔
جس کا پس منظر ایک گھر میں بڑھتی ہوئی پراسرار اور ماورائی سرگرمیوں پر مبنی ہے،فلم کی کہانی ایک ایسے خاندان پر مبنی ہے جن کے گھر میں رفتہ رفتہ خوفناک اور پراسرار ماورائی سرگرمیاں بڑھنے لگتی ہیں۔
جیسے جیسے یہ واقعات شدت اختیار کرتے ہیں، ساس اور بہو کے تعلقات مزید کشیدہ ہوتے جاتے ہیں جبکہ بیٹا اُن دونوں کے درمیان الجھ کر رہ جاتا ہے۔
فلم کے نمایاں فنکاروں میں جاوید شیخ، ثمینہ پیرزادہ، بشریٰ انصاری، سونیا حسین، فیصل قریشی اور ثمن انصاری سمیت دیگر نامور اداکار شامل ہیں۔