سوزوکی کو اپنی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی ’ آلٹو‘ کی سیلز میں گزشتہ ماہ ڈرامائی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔
پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کے مطابق جون میں 9,497 یونٹس فروخت ہونے کے بعد جولائی میں آلٹو کی فروخت 75 فیصد کمی کے ساتھ صرف 2,327 یونٹس تک محدود رہی۔ تاہم اگر اس کا موازنہ گزشتہ سال جولائی سے بھی کیا جائے تو یہ کم ہے ، گزشتہ سال جولائی میں سوزوکی آلٹو کی 2869 یونٹس فروخت ہوئے تھے ۔
حکومت کی جانب سے 850 سی سی تک کی گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس (GST) 12.5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کر دیا گیا۔ ساتھ ہی نئی این ای وی لیوی بھی نافذ کی گئی جس کے تحت 1300 سی سی تک گاڑیوں پر 1 فیصد، 1301 سے 1800 سی سی تک گاڑیوں پر 2 فیصد اور 1800 سی سی سے زائد گاڑیوں پر 3 فیصد لیوی عائد کی گئی۔ آلٹو 1300 سی سی کے زمرے میں آنے کے باعث جی ایس ٹی کے اضافے کے ساتھ ساتھ 1 فیصد لیوی کا بھی شکار بنی۔
ٹیکسز میں اضافے کے بعد پاکستان سوزوکی موٹرز کمپنی (PSMC) نے آلٹو کی قیمت بڑھا کر 33,26,450 روپے کر دی، جس سے بجٹ کے مطابق گاڑی خریدنے والے صارفین کے لیے مشکلات بڑھ گئیں۔