امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان مارک گراس مین نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور حنا ربانی کھر سے ملاقات کی ہے، امریکی نمائندے کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ پاکستان نے کرنا ہے۔
مارک گراسمین نے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات کی، دونوں رہنمائوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ، پاک امریکہ تعلقات، افغانستان اور خطے کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد سرکاری ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو میں امریکی نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ امریکہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کیلئے دبائو نہیں ڈال رہا، پاکستان اور امریکہ مستحکم افغانستان کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات میں دن بدن بہتری آرہی ہے، پاکستان کی تیار کردہ بیس فیصد مصنوعات امریکہ درآمد کی جارہی ہیں، امریکی کمپنیاں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری بھی کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ فلبرائٹ پروگرام کے تحت درجنوں پاکستانیوں کو ہر سال امریکی یونیورسٹیوں میں سکالرشپ دی جاتی ہیں تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے اپنے ملک کی بہتر طریقے سے خدمت کرسکیں۔