امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے وائٹ ہاؤس سے پاکستان اور یمن میں ڈرون حملوں کے لئےڈرون طیاروں کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ کیاہے۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق سی آئی اے نے ڈرون حملوں میں اضافے کے لئے یہ مطالبہ کیا ہے، مطالبے کی منظوری کے بعد ڈرون طیارے کے بیڑے میں دس مزید طیارے شامل ہو جائیں گے۔ پاکستان اور یمن سمیت دوسرے ممالک میں امریکہ کی طرف سے کیے جانے والے ڈرون حملوں میں تیس سے پینتیس طیارے حصہ لے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان کی طرف سے ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کیا جاتا رہاہے، دوسری جانب سی آئی اے کے اس مطالبے سے پاکستانی عوام میں امریکہ کے خلاف غم وغصے میں مزید اضافہ ہوگا۔ چند دن پہلے وزیرِداخلہ رحمان ملک اپنے بیان میں واضح طور پر کہ چکے ہیں کہ ڈرون حملوں میں زیادہ تر معصوم لوگ مارے جاتے ہیں۔