برطانیہ میں گھر میں آگ لگنے سے پاکستانی خاتون اور اس کے چار کمسن بچے جاں بحق ہو گئے، پولیس نے واقعے کو مشکوک قرار دے دیا۔
افسوسناک واقعہ ایسیکس کے علاقے ہارلو میں صبح دو بجے کے قریب پیش آیا۔ آگ لگنے سے گھرکا ایک حصہ مکمل طورپر تباہ ہو گیا۔ بد قسمت خاندان کے سربراہ عبدالشکور پرنسس الیگزنڈرا اسپتال میں ڈاکٹر ہیں۔ آگ کے نتیجے میں ان کی اہلیہ صباح عثمانی، ایک بیٹی اورتین بیٹے جاں بحق ہو گئے جبکہ ڈاکٹر عبد الشکور نے کھڑی سے کود کر جان بچائی۔ پولیس حکام نے آگ لگنے کے واقعے کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے شک ظاہر کیا ہے کہ گھر کو کسی نے جان بوجھ کر آگ لگائی ہے۔ دوسری جانب پولیس کو پارکنگ میں ایک جھلسی ہوئی گاڑی بھی ملی ہے۔ پولیس حکام دونوں واقعات میں رابطہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بدقسمت خاندان کا تعلق کراچی سے ہے جو دس سال سعودی عرب میں رہنے کے بعد کچھ عرصہ قبل برطانیہ شفٹ ہواتھا۔