سویڈن کی نئی تعینات ہونے والی وزیرِ صحت ایلیزابیت لان اسٹاک ہوم میں اپنی پہلی پریس کانفرنس کے دوران اچانک بے ہوش ہو گئیں۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب سابق وزیر اَکو آنکاربیرگ جوہانسن کے اچانک استعفے کے بعد ایلیزابیتلان کا تعارف نئی وزیرِ صحت کے طور پر کروایا جارہا تھا۔
پریس کانفرنس میں سویڈن کے وزیراعظم اُولف کرسٹرشَن اور توانائی و صنعت کی وزیر ایبا بُش بھی موجود تھیں۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایلیزابیت لان کے گرنے کے بعد ایبا بُش نے فوری طور پر ان کی مدد کی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ’یہ واقعی ایک عام منگل نہیں تھا اور ایسا ہی ہوتا ہے جب آپ کا شوگر لیول کم ہو جائے‘۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ آیا گرنے کے باعث وزیر صحت کو چوٹیں بھی آئیں یا نہیں۔