سمندری طوفان سینڈی امریکی ریاست نیو جرسی کے ساحل سے ٹکرا گیا

امریکی مشرقی ریاست ورجینیا کے ساحل سے ٹکرانے کےبعد سمندری طوفان سینڈی شمالی ریاست نیو جرسی کے ساحل سے ٹکرا گیا ،مختلف حادثات میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ہلاکتوں میں مزید  اضافے کا خدشہ بھی ہے۔

ریاست ورجینیا کے بعد سپر سمندری طوفان سینڈی شمالی ریاستوں نیو یارک اور نیو جرسی کی بڑھا اور اَسی میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ساحل سے ٹکرا گیا۔ بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان کے خدشے کے پیش نظر ممکنہ طور پر متاثر ہونے والی ریاستوں میں حفاظتی اقدامات پہلے سے ہی گھر لئے گئے تھے۔ ان ریاستوں میں بسنے والے لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ جو لوگ منتقل نہیں ہو سکے انہیں گھروں میں ہی رہنے میں ہدایت کر دی گئی۔ متاثر ہونے والی ریاستوں میں آج سرکاری تعطیل کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ طوفان کے باعث امریکہ کی نو ریاستوں میں بائیس لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو گئے ۔ ریاست نیو یارک اور نیو جرسی سمیت دیگر مشرقی اور شمالی ریاستوں میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا۔ طوفانی ہوائوں سے نیو یارک میں زیر تعمیر عمارت پر لگی کرین گر گئی، نیو جرسی میں درخت گرنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا جبکہ دیگر واقعات میں بھی چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔۔امریکی میڈیا کے مطابق مختلف ریاستوں میں ہلاکتوں کی تعداد پندرہ سے بیس تک ہوسکتی ہے۔۔ سینڈی کے باعث امریکہ میں آنے جانے والی پندرہ ہزار سے زائد پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا۔ ایک اندازے کے مطابق نو ریاستوں میں چھ کروڑ سے زائد افراد کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ ایک اور اندازے کے مطابق طوفان کے باعث امریکی معیشت کو بیس ارب ڈالر سے زائد کے نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ خطرے کے پیش نظر امریکی فوج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا جبکہ ہنگامی صورتحال میں کام کرنے والے دیگر اداروں کو بھی چوکس کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء طوفان کے باعث امریکہ میں موجود مالیاتی ادارے اور اقوام متحدہ کے دفاتر آج بند رہیں گے جبکہ نیویارک اسٹاک ایکسچینج کو بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب چھ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے پیش نظر دونوں صدارتی امیدوار باراک اوبامہ اور مٹ رومنی سمندری طوفان کے معاملے عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے میں مصروف ہیں۔ دونوں امیداروں نے اپنی اپنی انتخابی مہمات کو ملتوی کر دیا ہے جبکہ صدر اوبامہ طوفان سے پیدا ہونے والی صورتحال کی نگرانی کے لئے واشنگٹن پہنچ چکے ہیں۔

install suchtv android app on google app store