لاہور جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں دھند کا سلسلہ جاری ہے۔ علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ اور موٹروے کئی مقامات پر بند ہے۔ ملتان میں دھند میں کچھ کمی ہوگئی۔
ملتان شہر میں دھند میں کمی کے بعد حد نگاہ 500 میٹر تک ہے، حد نگاہ بہتر ہوتے ہی ملتان ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن کا آغاز ہو گیا ہے، تاہم موٹر وے پر کسووال سے ملتان تک شدید دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ صفر ہے۔ لاہور میں ہرسو دھند چھائی ہوئی ہے جس کی وجہ سے لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ کو بند کردیا گیا ہے۔ حد نگاہ صفر ہونے پرموٹر وے بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے۔
ٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔فیصل آباد اور گردونواح میں بھی گہری دھند چھائی ہوئی ہے جس کے باعث موٹر وے کو بند کردیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ میں بھی ہر طرف دھند پھیل گئی۔ حد نگاہ کم ہونے کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ موٹر وے حکام نے دھند چھٹنے کے بعد پشاور موٹروے ایم ون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا ہے اور موٹر وے پر گاڑیوں کی آمدورفت شروع ہوگئی ہے۔