اقوامِ متحدہ کی طرف سے جاری ایک اہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 95 فیصد سائنس دانوں کا خیال ہے کہ 1950 کی دہائی سے انسان عالمی درجۂ حرارت میں اضافے کا باعث ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ماحولیات کے لیے پینل یا انٹرنیشنل پینل آن کلائمیٹ چینج (آئی پی سی سی) کی تیار کردہ اس رپورٹ میں ماحولیات کی تبدیلی کے طبعی محرکات بیان کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق زمین، ہوا اور سمندر میں عالمی درجۂ حرارت کے اضافے میں کوئی شک نہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ 15 سالوں میں درجۂ حرارت کے اضافے میں دکھائی دینے والا وقفہ اتنا کم ہے کہ اس سے طویل مدتی رجحانات کا اندازہ نہیں ہوتا۔ اقوامِ متحدہ کے پینل نے خبردار کہا ہے کہ ماحول میں تپش پیدا کرنے والی گیسیں درجۂ حرارت میں اضافے اور ماحولیاتی نظام کے ہر پہلو میں تبدیلی کا باعث بنیں گی۔