مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے بعد آج دوسرے روز بھی وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جبکہ مختلف حادثات میں متعدد افراد جاں بحق ہو گئے ہیں
مون سون بارشیں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں، آج دوسرے روز بھی بادل ایسے ٹوٹ کے برسے کہ جل تھل کر دیا، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بادلوں نے مستقل ڈیرے ڈال رکھے ہیں، بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح ایک بار پھر بلند ہونے پرانتظامیہ نے ریڈالرٹ جاری کر دیا ہے، لاہور میں موسلا دھار بارش سے کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، بارش کے باعث مختلف علاقوں میں گھروں کی چھت گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ چھ افراد ملبے تلے دب گئے، لاہور کے علاقے سنگھ پورہ میں موسلادھار بارش کے باعث چھت گرنے سے پانچ افراد ملبے تلے دب گئے, راجن پور میں بھی مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق ہوگئی ہے جبکہ ہری پور میں بھی چھت گرنے سے چار افراد جاں بحق ہو گئے ہیں
بنوں میں بھی بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی، چھت کے ملبے تلے دب کرماں بیٹی جاں بحق، جبکہ چھ افرادزخمی ہو گئے، آزادکشمیر میں موسلادھار بارش سے ضلع میرپور کی متعدد دیہات زیر آب آگئے ہیں جبکہ لینڈ سلائیدنگ کی وجہ سے ضلع نیلم کا دارالحکومت مظفرآباد سے دو روز سے رابطہ منقطع ہے، ضلع باغ کے ندی نالوں میں شدید طغیانی ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد علاقوں کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا