مون سون کا نیا سلسلہ شروع ہوتے ہی طوفانی ہواوں کے ساتھ موسلادھار بارش نے اسلام آباد ،راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں جل تھل کر دیا۔
وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کی صبح سویرےجب آنکھ کھلی تو کالی گنگھور گھٹاوں، طوفانی ہواوں اور موسلادھار بارش نے ان کا استقبال کیا، دیکھتے ہی دیکھتے سڑکیں تالاب بن گئیں اور شہری محصور ہو کر رہ گئے، دفاتر جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شدید بارش کے باعث راولپنڈی کے نالہ لئی میں طغیانی جبکہ روال ڈیم کے سپل ویز بھی کھول دئیے گئے ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔