ملک میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب، خبیر پختونخواہ اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں بادل خوب برسے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے خوب بادل برسے۔ جڑواں شہر میں مون سون کی پہلی بارش کے بعد جھل تھل ہوگیا۔ شہری شہر اقتدار کے خوبصورت موسم کے مزے لے رہے ہیں۔ منڈی بہاء الدین، لوئر دیر، نوشہرہ اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
لاہور میں برکھا رُت سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ آج صبح گھنگھور گھٹاوں نے شہریوں کا استقبال کیا اور ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں نے مرجھائے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بھی بارش سے گرمی کی شدت کم ہو جائے گی اور پارا نیچے آئے گا۔ موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں جمعہ اور ہفتے سے ملک کے بیشتر علاقوں میں حبس کی شدت کم ہونا شروع ہوجائے گی۔ لیکن سندھ میں آج بھی بادل برسنے کا امکان نہیں۔
کراچی، لاڑکانہ، حیدرآباد اور سکھر میں موسم گرم رہے گا۔