خیبرپختونخوا: مختلف شہروں میں آندھی وطوفان، 12افراد ہلاک

Traffic Navigating Difficult Conditions By Duststorm Traffic Navigating Difficult Conditions By Duststorm

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں تیز آندھی اور گرد و غبار کے طوفان نے تباہی مچادی، چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں بارہ افراد جاں بحق، جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں سہ پہر موسم نے اچانک کروٹ بدلی۔ تیز آندھی سے سائن بورڈز زمین بوس اور درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی کی رفتار75 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔

 

پشاور کے علاقے لنڈی سڑک میں مکان کی دیوار گرنے سے دوبچے جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے، پشاور ہی کے علاقے ناگمان میں بھی دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ کاکشال کے علاقے میں آندھی سے دومکانوں کی دیواریں گرگئیں جن کے ملبے تلے دب کر دوافراد زخمی ہوگئے، زخمی افراد کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

 

نوشہرہ میں گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں جلوزئی کیمپ میں متعدد خیمے اُکھڑ گئے، رسالپور میں بھی گھر کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

 

چارسدہ میں تیز آندھی کی وجہ سے خاتون اور بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ کئی افراد زخمی ہوگئے۔ شدید آندھی کی وجہ سے مواصلات اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، چارسدہ کے علاقوں مٹہ، میچنی، میاں کلے، عمرزئی اور مندنی میں مختلف گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں جبکہ درخت گرنے سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

 

اُدھر سوات میں بھی آندھی اور طوفان کے باعث ایک بچی جاں بحق اور پچیس افراد زخمی ہوگئے، سوات میں شدید آندھی سے رابطہ پل بھی ٹوٹ گیا جس سے مینگورہ کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع کردیا گیا ہے۔

 

گلگت میں تیز آندھی کے باعث گھر کی دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

 

مردان شہر اور گرد و نواح میں تیز آندھی سے سائن بورڈز اُکھڑ گئے، شہر کے اکثر علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ لوئر دیرمیں تیز آندھی کے بعد بارش شروع ہوگئی ہے۔

install suchtv android app on google app store