ملک بھر میں بارشوں کی نئی لہر سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، محکمہ موسمیات نے اگلے دوروز تک مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
ملک بھر میں سردی کی لہر ایک بار پھر لوٹ آئی۔ بالائی پنجاب، صوبہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش نے جل تھل کردی۔ سردی بڑھنے سے لوگ ایک بار پھر گرم کپڑوں میں ملبوس نظر آرہے ہیں جبکہ سڑکوں پر جمع پانی سے لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
اسکردو، گلگت، مالم جبہ اور کالام سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری سے لوگ گھروں میں محصور ہوکررہ گئے ہیں، محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، بالائی سندھ، شمالی بلوچستان، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
ملک میں سب سے زیادہ بارش چراٹ میں سینتالیس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔