ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث سردی بڑھ گئی،
اسلام آباد سمیت پنجاب ، شمال مشرقی بلوچستان ، خیبر پختونخواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بیشتر مقامات پر برکھا برسی، محکمہ موسمیات کے مطابق پچھلے بارہ گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش پٹن میں 21 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ بہاولنگر اور منگلا میں 17 ملی میٹر بارش ہوئی ۔ جس سے موسم سرد ہوگیا ۔سیالکوٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ خوب بادل برسے ،، یہاں تیرہ ملی میٹر بارش ہوئی ۔دیر میں دس اور کوئٹہ میں نو ملی میٹر بارش ہوئی ۔ بارش کے حالیہ سلسلے سے جاتی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی ۔اسلام آباد، قلات ، جیکب آباد، ٹی ٹی سنگھ، سرگودھا ، منڈی بہاؤ الدین،، چترال ، اور خضدار میں ہلکی بارش ہوئی ۔لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ،، یہاں تین ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔سبی میں بارش کی وجہ سے میلے کے دوسرے روز کی تقریبات بھی معطل ہورکر رہ گئیں۔
تیسرے روز بھی سندھ ميں مطلع ابرآلود ہے۔ میرپورخاص اور گرد نواح میں تاریخ میں پہلی بار اولے پڑے۔اولے اور ژالہ باری کے بعد  تیز بارش ہوئی جس کے بعد موسم سرد ہوگیا اور اب وہاں ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے
 محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹے کے دوران لاہور، اسلام آباد ،بالائی پنجاب ،خیبر پختونخوا ،شمال مشرقی بلوچستان ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر مزید بارش کا امکان ہے جبکہ مری ،مالاکنڈ ،ہزارہ ڈویژن ،گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے ۔