ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔بالائی علاقوں میں برف باری سے سردی بڑھ گئی۔
اسلام آباد اورپنجاب کے مختلف علاقوں میں موسم ابر آلود ہے۔وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا ہے۔ لاہور میں مختلف مقامات پر تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی ۔فیصل آباد ننکانہ صاحب اور ہڑپہ میں بوندا باندی سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ سندھ کے علاقوں شکار پور اور پڈ عیدن میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ اور ساہیوال ڈویژن میں آج رات سے بارش کا سلسلہ شروع ہوجائے گا جو کل تک جاری رہے گا۔ مری، گلیات، مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوگی ۔سندھ کے ساحلی علاقوں میں رات گئے ہلکی بارش متوقع ہے۔ ملک میں سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی دس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں بوندا باندی اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے ۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش سے مختلف بیماریوں میں کمی آئے گی۔