ملک کے بیشتر علاقےسخت سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ آزاد کشمیر سمیت کئی علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے ۔ میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ جاری ہے جبکہ لاہور سے شیخوپورہ تک موٹرو ے بند ہے
محکمہ موسمیا ت کے مطابق سردی کی لہرمزید چندروزجاری رہے گی۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، ہزارہ ڈویژن اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشترمیدانی علاقوں، پشاوراورسکھرڈویژن میں دھند چھائی رہے گی۔ مالم جبہ میں تین فٹ، مری، کالام اور اسکردو میں دو اور چراٹ میں ایک فٹ برف باری ہوئی۔ قلات میں سب سے کم درجہ حرارت منفی تیرہ رہا۔ پارہ چنار میں درجہ حرارت منفی گیارہ، مری میں منفی پانچ، ہنزدہ میں منفی چار اور استور میں منفی تین رہا۔ برف باری کے باعث لوئر دیر کا دیگر علاقوں سے رابطہ کٹ گیا ہے۔ راستوں کی بندش سے لوگوں کو مشکلات کا سامناہے۔ برف باری سے استور اور بابوسر کا گلگت بلتستان سے زمینی رابطہ منقطع ہے ۔ آزاد کشمیر اورسکردو سمیت شمالی علاقوں میں برفباری اور بارش کے بعد ندی نالوں میں پانی جم گیا۔ ٹھنڈیانی میں برف باری سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا۔ سائبیریا سے آنے والی ہوائیں بلوچستان میں داخل ہو گئیں جس سے کوئٹہ اور کراچی میں سردی بڑھ گئی۔