ملک بھر میں سردی کی نئی لہر کے داخل ہوتے ہی ملکہٗ کوہسار مری میں برفباری میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، اور اب تک مری میں چار فٹ، جبکہ ملحقہ پہاڑی سلسلوں میں چھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔
سردی اور برفباری کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی مری اور گلیات میں آنے والے کئی سیاح پھنس چکے ہیں۔ سڑکیں برف سے ڈھکی ہوئیں ہیں، جس سے ٹریفک کا ںظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے، اور سڑکوں سے برف ہٹانے والی مشینری بھی کام نہیں کررہی۔ مری کی سفید چوٹیوں کا نظارہ کرنے کے لئے آنے والی فیملیز کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے روز بھی مری اور گلیات میں مزید برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اور انتظامیہ کی جانب سے مری کی جانب رخ نہ کرنے کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ شدید بارش اور برفباری سے مری شہر اور مضافات میں بجلی کا ںظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے، اور اکثر علاقوں میں پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔