ملک بھر میں موسم شدید سرد ہوگیا ہے ۔ بالائی علاقوں میں برف باری، میدانی علاقوں میں بارش اور ذیلی علاقے یخ بستہ ہواوٴں کی لپیٹ میں ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید سردی کی لہرآج بلوچستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگی۔ صبح سویرے چلاس، چترال سمیت بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی ۔ اسلام آباد، پشاور اور میانوالی میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بالائی خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان، گلیات ، مری اور کشمیر میں آئندہ دو روز کے دوران برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، ،کوہاٹ ، بنوں،سرگودھا، گوجرانوالہ،کوئٹہ،ژوب،کشمیر،گلگت و بلتستان میں بارش کاامکان ہے۔سردی کی نئی لہر سے کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز ملک میں کم سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی دس اور پارہ چنار میں منفی نوسینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ملکہ کوہسار مری میں پارہ نقطہ انجماد پر ہے۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی ایک، گلگت منفی دو، اسلام آباد میں درجہ حرارت تین اور پشاور ،لاہور میں پانچ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔ کوئٹہ میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔قلات، برشور اور زیارت میں بھی موسم سرما کی دوسری برف باری شروع ہوگئی ہے۔ کوئٹہ میں برف باری ہوئی جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔۔ ۔ قلات زیارت اور کان مہترزئی میں درجہ حرارت منفی تین ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ ،ژوب اور قلات ڈویژن میں موسم سرد رہے گا۔پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔