وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبہ پنجاب صوبہ سندھ صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے سورج آگ برسانے لگا، سبی میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت سلام آباد سمیت صوبہ پنجاب صوبہ سندھ صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے سورج آگ برسانے لگا۔ ملک میں سب سے زیادہ گرمی صوبہ بلوچستان کے علاقے سبی میں پڑی جہاں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ ژوب میں درجہ حرارت 32 اور زیارت میں نسبتاً معتدل 25 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔ تربت میں بھی موسم گرم رہا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ نوکنڈی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ پشاور سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں آگئے ہیں، جہاں میدانی علاقوں میں موسم نہایت گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور کا درجہ حرارت گزشتہ روز 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔تخت بھائی میں درجہ حرارت 41، تیمرگرہ، دیر بالا اور چترال میں 35، کلام میں 29 جبکہ مالم جبہ میں 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو نسبتاً ٹھنڈے علاقوں میں شامل ہیں۔ میدانی اضلاع میں گرمی کی شدت نے معمولاتِ زندگی کو بھی متاثر کیا ہے اور شہریوں کو ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔
جبکہ صوبہ سندھ میں جیکب آباد اور نواب شاہ میں درجہ حرارت 43 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب میں سب سے زیادہ گرمی ملتان میں پڑی جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جبکہ ڈویژن بہاولپور بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، محکمہ موسمیات نے میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر بھی جاری کی ہیں شہری ٹھنڈے مشروبات کا استعمال عام کریں اور دن کے وقت شام سے قبل غیر ضروری طور پر گھر سے نکلنے سے پرہیز کریں، جبکہ لیمن پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگرچہ مجموعی طور پر موسم خشک اور گرم رہے گا، تاہم چترال، بالائی دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور کوہستان کے بعض مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی موجود ہے۔ ان علاقوں میں درجہ حرارت نسبتاً کم رہنے کی توقع ہے، جس سے جزوی طور پر موسم میں بہتری آ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو گرمی کی شدت کے پیش نظر غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے بچوں اور بزرگوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔