معروف الیکٹرونکس کمپنی سونی نے اپنے نئے گیمنگ کنسول ’پلے سٹیشن فور‘ کو متعارف کروانے کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ گیمنگ مشین شمالی امریکہ میں پندرہ نومبر اور یورپ میں انتیس نومبر سے فروخت ہونا شروع ہو جائیں گی۔
سونی کی حریف مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ ان کی نئی گیمنگ مشین ایکس باکس ون بھی اسی ماہ متعارف کروایا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اعلان سے جاپانی کمپنی سونی کو شاید خبروں کی سرخیاں تو مل گئی ہوں تاہم دونوں مشینوں پر سافٹ ویئر کا معیار ہی تعین کرے گا کہ کون سی کمپنی اس دوڑ میں جیتی۔
کمپیوٹر اور ویڈیو گیمز نیوز ویب سائٹ کے اسوسیئیٹ ایڈیٹر راب کراسلی کا کہنا ہے کہ ’سونی نے پلے سٹیشن فور کی ریلیز سے پہلے بہت شاندار ترقی کی ہے مگر اب بھی ان کے پاس کوئی بہترین اور سب کو حیران کر دینے والی گیم نہیں ہے۔‘
"سونی کی پریس کانفرنس سے ایک بار پھر واضح ہوتا ہے کہ کمپنی کا آزادانہ گیم ڈویلپر برادری کے ساتھ ایک معنی خیز رشتہ ہے مگر سونی کے افسران یقیناً اس بارے میں فکرمند ہوں گے کہ ایکس باکس ون کی کیموں کی فہرست بڑھتی جا رہی ہے۔"
آئی ڈی سی کنسلٹنگ کے گیمنگ ماہر لیوئس وارڈ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ اس وقت مشینیں متعارف کروانے کی تاریخوں کی اہمیت محدود ہے۔
’اگر ایسا ہوتا ہے کہ سونی ایکس باکس ون سے ایک ہفتہ پہلے پلے سٹیشن فور متعارف کروا دیتا ہے تو سونی کے پاس تشہیر کے لیے زیادہ وقت رہ جائے گا۔‘
لیوئس وارڈ نے کہا کہ’لیکن جب تک ہمیں مائیکروسافٹ کے ایکس باکس ون کی فروخت کی تاریخ معلوم نہیں ہوتی، تب تک یہ اخباری سرخیوں سے زیادہ کچھ نہیں۔ اس سے لوگوں کی خریداری پر زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔‘
سونی کا کہنا ہے کہ اس کی نئی گیمنگ مشین کے دنیا بھر سے دس لاکھ آرڈر آ چکے ہیں۔ سونی کی نئی گیمنگ مشین کرسمس سیزن میں بتیس ممالک میں فروخت کی جائے گی۔
سونی نے اپنی ’ہینڈ ہلڈ گیم‘ پلے سٹیشن ویٹا کی قیمت میں بھی کمی کی ہے۔ اس گیمنگ مشین کا ’وائی فائی‘ ورژن 199 پاؤنڈ کا ہوگا۔ سونی نے میمری کارڈز کی قیمتوں میں کمی کا بھی وعدہ کیا ہے۔
لیوئس وارڈ کا کہنا ہے کہ ’چھوٹی گیمنگ مشینوں کی مقبولیت میں کمی ہوئی ہے تاہم قیمت میں کمی سے ان کی فروخت میں اضافہ ہوگا۔ مگر حقیقی معنوں میں ان کی فروخت کا دارومدار ان کے لیے تیار کی گئی گیموں کے معیار پر ہوگا۔‘