اب تک ورچوئل ورلڈ یا کمپیوٹر پر تشکیل دی گئی غیر حقیقی دنیا کی سیر آپ محض کسی صوفے یا ڈیسک پر ہی بیٹھے بیٹھے کر سکتے تھے، لیکن اب آپ اِس دنیا میں باقاعدہ چل پھر کر بھی گھوما جا سکتا ہے۔
ورچوئل ٹیکنالوجی سے متعلق معروف کمپنی ورچوئکس Virtuix کی اس مقصد کے لیے تیار کردہ مشین ’اومنی‘ ایک ٹریڈ مِل کی طرح ہے جو دراصل ایک گول پلیٹ فارم پر مبنی ہے۔
اس نظام کے موجد یان گوئٹے لُک Jan Goeteluk نے اس پلیٹ فارم کی کارکردگی کا براہ راست مظاہرہ کرکے دکھایا۔ انہوں نے اس کے قبل از فروخت آرڈرز کی مد میں محض 48 دنوں کے دوران ایک ملین ڈالرز سے زائد رقم جمع کر لی ہے۔ اب وہ فروخت کے لیے اس کی پروڈکشن شروع کرنے والے ہیں۔
اب تک ورچوئل ورلڈ سے متعلق مسئلہ یہ تھا کہ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی چشمہ لگانا پڑتا تھا جسے لگا کر گیم کھیلنے والا عام طور پر بیٹھے بیٹھے ہی اسے استعمال کرتا تھا۔ گوئٹے لُک کے مطابق، ’’یہ مسئلہ گزشتہ 20 برس سے چل رہا تھا‘‘۔ ان کی نئی ایجاد اس میدان میں آگے کی جانب ایک قدم قرار دی جا رہی ہے جس میں استعمال کرنے والا شخص کمپیوٹر پر بنائی گئی دنیا میں گھومنے پھرنے اور دیگر افعال انجام دینے کے لیے اپنی ٹانگوں سے بھی کام لیتا ہے۔