امریکی خلائی ادارے ناسا کے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ خلائی دوربین کیپلر میں خرابی کے باعث نظام شمسی سے باہر نئے سیاروں کا کھوج لگانے کا کام ختم کردیا گیا ہے۔
رواں سال مئی میں کیپلر کے چار پہیوں میں سے دوسرا پہیہ بھی خراب ہو گیا تھا جس کے باعث اس کے لیے سیاروں کی کھوج کے دوران بالکل ساکت رہنے میں مشکلات پیش آ رہی تھیں۔
ناسا نے ان پہیوں کی مرمت کرنے کی کوششیں کیں لیکن ناکام رہے۔ خیال رہے کہ خلائی دوربین کیپلر کو سنہ 2009 میں لانچ کیا گیا تھا اور اب تک اس نے ہمارے نظام شمسی سے باہر سو سے زائد نئے سیاروں کی موجودگی کا کھوج لگایا ہے۔ تاہم ناسا کا کہنا ہے کہ اس کے ڈیٹا بیس میں اب بھی ساڑھے تین ہزار ایسے سیارے ہیں جن کا کھوج لگانا باقی ہے۔
ماہرین فلکیات نے مئی میں کیپلر کی مدد سے دو ایسے سیارے دریافت کیے جو اب تک دریافت ہونے والے سیاروں میں زمین سے سب سے زیادہ مماثلت رکھتے ہیں۔