جاپان نے دنیا کا پہلا بولنے والا روبوٹ خلا میں بھیجا ہے۔ یہ روبوٹ خلاباز کوچی واکاتا کے ساتھی کے فرائض انجام دے گا، جو نومبر میں خلا کا سفر کریں گے۔
كیروبو نام کے اس روبوٹ کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں کام کرنے والی خلابازوں کے لیے سامان لے جانے والے راکٹ سے خلا بھیجا گیا۔
13 انچ کے كیروبو نے جاپان کے تانےگاشیما جزائر سے پرواز کی۔ وہ نو اگست کو بین الاقوامی ہوائی سٹیشن پہنچ جائے گا۔
كیروبو ایک تحقیق کا حصہ ہے جس کے تحت یہ دیکھا جانا ہے کہ طویل مدت تک اکیلے رہنے والے لوگوں کو روبوٹ کس طرح جذباتی سہارا دے سکتے ہیں۔ H2B راکٹ کی لانچنگ کو جاپان خلائی ادارے (جاكسا) نے براہِ راست آن لائن نشر کیا۔