جاپانی ماہرین نے ایک انتہائی باریک اور کثیر المقاصد برقی سرکٹ بنایا ہے ۔ اس سرکٹ کی مدد سے مصنوعی انسانی اعضاء سمیت مختلف طبی معاونتوں کی تیاری اور ان کی کارکردگی کو زیادہ موثر اور بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
اس الیکٹرک سرکٹ کی تیاری میں حصہ لینے والے جاپانی ماہرین کی ٹیم کے مطابق یہ سرکٹ نہایت لچکدار ہے۔ اس کی موٹائی ایک عام کاغذ کی موٹائی کا پانچواں حصہ ہے اور اس سرکٹ کا وزن نہ ہونے کے برابر ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جاپانی ڈویلپرز کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ یہ سرکٹ دماغ سے سگنلز وصول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس سرکٹ کو مصنوعی انسانی اعضاء کی تیاری میں استعمال کیا جائےگا، جس سے ان کی نقل و حرکت کو بہتر بنایا جا سکے گا۔
اس نئے سرکٹ کے حوالے سے ایک اور دلچسپ بات یہ سامنے آئی ہے کہ اس کی مدد سے انسانی جسم کے درجہ حرارت، بلڈ پریشر، دل کی دھڑکن اور انسانی جسم میں چلنے والی تمام طرح کی برقی لہروں سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا سکیں گی۔
یہ مائیکرو سرکٹ یونیورسٹی آف جاپان سے تعلق رکھنے والے محققین کی محنت کا نتیجہ ہے۔ اس ٹیم میں شامل ایک سائنسدان نے بتایا کہ یہ چپ اتنی باریک ہے کہ اسے انسانی منہ میں ’تالو‘ کے ساتھ چپکایا جاسکتا ہے۔ اگر کوئی شخص چاہے تو محض اپنی زبان ہلا کر سگنلز بھیج سکتا ہے۔