اے ٹی ایم مشینیں دنیا بھر کے بینکاری نظام کا ایک اہم حصہ ہیں اور روزانہ کروڑوں افراد ان مشینوں کی مدد سے رقوم نکالتے ہیں۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ادائیگی کا طریقہ ڈیجیٹل ہوتا جا رہا ہے اس لیے اب اے ٹی ایم مشینوں میں بھی جدت لانے کی ضرورت ہے۔
اے ٹی ایم کو اہم چیلنج سمارٹ فونز سے ہے کیونکہ موبائل بینکنگ صارفین کو اکاؤنٹ کی پڑتال، بلوں کی ادائیگی اور ریستوران میں تیزی سے ادائیگی جیسی سہولیات فراہم کرتی ہے۔
ایسے میں اب سمارٹ فون جیسی اے ٹی ایم بنانے کا ذکر ہو رہا ہے۔ حال ہی میں لندن میں ایک اے ٹی ایم فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں سمارٹ فون یا ٹیبلٹ سے بڑی لیکن ان جیسی ہی نظر آنے والی اے ٹی ایم کے پروٹوٹائپ کی نمائش کی گئی۔