انسانی ہاتھ کی طرح کا روبوٹک ہاتھ تیار

انسانی ہاتھ کی طرح کا روبوٹک ہاتھ اب تک محض سائنس فکشن فلموں میں ہی نظر آتے تھے اور حقیقت میں ابھی تک اس میں کامیابی حاصل نہیں کی جا سکی تھی۔ تاہم اب جرمن سائنسدانوں نے ایک ایسا ہاتھ تیار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔

اس بائیونک ہاتھ کی انگلیاں سیلیکیون اور ربڑ جیسے نرم میٹریل سے تیار کی گئی ہیں۔ ان مادوں کو ہوا کے پریشر کے ذریعے پُھلایا جا سکتا ہے جس کے باعث اس ہاتھ کی انگلیوں میں وہ خصوصی صلاحتیں پیدا ہو گئی ہیں جو ان روایتی الیکٹرومکینیکل ہاتھوں میں مفقود تھیں جو موٹروں، گیئرز، اور جوڑوں وغیرہ کی مدد سے تیار کیے جاتے رہے ہیں۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق جرمن سائنسدانوں کا تیار کردہ یہ بائیونک ہاتھ برلن میں ہونے والی روبوٹکس، سائنس اور سسٹمز کانفرنس کے دوران پیر آٹھ جولائی کو پیش کیا گیا۔ پی ایچ ڈی کے طالب علم رافائیل ڈائمیل نے اس ہاتھ کے کام کرنے کی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کرکے دکھایا۔

install suchtv android app on google app store