مارکیٹ میں ٹیبلیٹ کمپیوٹرز کا سیلاب امڈ آیا ہے۔ مختلف کمپنیوں کے درمیان مسابقت کی وجہ سے ٹیبلیٹ کمپیوٹرز کی آسمان سے باتیں کرتی ہوئی قیمتوں میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے۔
آن لائن اسٹور ایمیزون ’ایچ ڈی‘ ٹیبلٹ کی قیمت اب تک کی کم ترین سطح پر لے آیا ہے۔ امریکا میں ایمیزون کا ٹیبلٹ 169 ڈالر زجبکہ برطانیہ میں 139 پاؤنڈ میں خریدا جا سکتا ہے۔ اس کے مقابلے میں بارنس اینڈ نوبل Barnes & Noble کمپنی اپنے ٹیبلٹ کمپیوٹر کی قیمت 129 ڈالرز تک لے گئی ہے۔ ٹیکنالوجی ایکسپرٹ روب اینڈریلے کا کہنا ہے، ’’جب سے ہیولٹ پیکارڈ نے اپنا ٹیبلٹ لانچ کیا ہے، قیمتوں میں کمی کے لیے بہت زیادہ دباؤ ہے۔‘‘
ٹیکنالوجی سے متعلق ویب سائٹ ’گارٹنر‘ کے ایک سروے کے مطابق رواں برس دنیا بھر میں ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی فروخت میں 67.9 فیصد اضافہ ہو جائے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ رواں برس 202 ملین یونٹس بیچے جائیں گے۔ گارٹنر کی رپورٹ کے مطابق بہت سے صارفیں صرف اس وجہ سے ٹیبلٹ خرید رہے ہیں کیونکہ ان کی قیمتیں گرتی جا رہی ہیں۔