ورڈ پریس ایک ایسا سافٹ ویئر ہے، جس کی مدد سے ہزاروں انٹرنیٹ بلاگز بنائے یا آپریٹ کیے جاتے ہیں۔ اس سافٹ ویئر کے دس برس مکمل ہو گئے ہیں۔
اگرچہ فیس بک اور ٹوئٹر جیسے سوشل نیٹ ورک حالیہ برسوں میں تیزی سے مقبول ہوئے ہیں لیکن دنیا بھر میں آج بھی لاکھوں افراد ایسے ہیں، جو اپنی سوچیں، احساسات اور جذبات اپنے بلاگز کے ذریعے دیگر لوگوں تک پہنچاتے ہیں۔ ان میں سے بہت سے افراد مفت میں ملنے والے سافٹ ویئر ورڈ پریس کا استعمال کرتے ہیں۔ اس سافٹ ویئر نے ہر کسی کے لیے یہ آسان بنا دیا ہے کہ وہ دنیا کو اپنی رائے سے آگاہ کر سکے۔
جرمن صحافی اور بلاگر فالک شٹائنر کہتے ہیں، ’’ورڈپریس استعمال میں آسان ہے اور اس نے بلاگنگ کو آسان بنا دیا ہے۔ اس کی مدد سے باآسانی ملٹی میڈیا مواد لوگوں کے سامنے پیش کیا جا سکتا ہے۔ انتہائی تجربہ کار سافٹ ویئر ماہرین اس کی بہتری کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔‘‘
ورڈپریس نے گزشتہ 10 برسوں میں کامیابیوں کے متعدد مراحل طے کیے ہیں۔ اسی ماہ ’رائل پِنگ ڈوم‘ کی طرف سے کروائی جانے والی ایک تحقیق کے نتائج شائع کیے گئے ہیں، جن کے مطابق دنیا کے 100 بہترین بلاگرز میں سے 52 بلاگر ورڈ پریس کا استعمال کرتے ہیں۔