جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ ملک میں برقی گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا اور 2020ء تک جرمنی میں بجلی سے چلنے والی کاروں کی تعداد ایک ملین تک پہنچانے کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔
برلن میں موبیلیٹی یا نقل و حرکت کے موضوع پر ہونے والی کانفرنس کے موقع پر میرکل نے اپنی حکومت کا ہدف بتاتے ہوئے کہا کہ 2020ء تک بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی تعداد ایک ملین تک پہنچائی جائے گی۔ تاہم ماہرین کی طرف سے اس ہدف پر تحفظات پیش کیے جا رہے ہیں کیونکہ جرمنی میں اس وقت بجلی کی طاقت سے چلنے والی کاروں کی کُل رجسڑڈ شدہ کاروں کی تعداد محض 7000 ہے۔
تاہم انگیلا میرکل نے پیر 27 مئی کو برلن میں موبیلیٹی کے موضوع پر ہونے والے ایک بین الاقوامی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ہمارے منصوبے جرآت مندانہ ہیں۔‘‘ میرکل حکومت کی طرف سے 2009ء میں ہدف دیا گیا تھا کہ سال 2020ء تک ملک میں 10 لاکھ برقی گاڑیاں سڑکوں پر لائی جائیں گی۔ اپنے اس ہدف کے حوالے سے اپنے خطاب میں ان کہنا تھا، ’’اس بات کے کافی بہتر امکانات ہیں کہ ہم اس ٹائم ٹیبل پر قائم رہیں گے۔‘‘