پروٹون ایم نامی ایک روسی خلائی راکٹ اپنی پرواز کے ابتدائی چند سیکنڈوں میں ہی گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ اس راکٹ میں کوئی خلاباز سوار نہیں تھا۔
یہ راکٹ قزاقستان کے بیکا نور کے خلائی مرکز سے بھیجا جا رہا تھا۔ راکٹ کے تباہ ہونے کی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پرواز کے ابتدائی چند لمحوں میں ہی راکٹ پھٹتے ہوئے ایک آگ کا گولہ بن گیا۔
روسی خبر رساں ادارے انٹر فیکس کے مطابق ممکنہ طور پر جائے وقوع پر پانچ سو ٹن راکٹ کا ایندھن جمع ہو۔ اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔
پروٹون ایم راکٹ روسی جی پی ایس نظام گلوناس کے لیے تین سیٹلائیٹس خلاء میں لے جا رہا تھا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس حادثے کی وجہ کیا تھی۔