گوگل بڑے حجم کے غباروں کے ذریعے ایشیا کے ایسے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جہاں اس وقت یہ سہولت میسر نہیں ہے۔ یہ غبارے زمین سے اوپر کرہ ہوائی میں بھیجے جائیں گے۔
سنگاپور میں ہونے والی کمیونیکیشیا کانفرنس سے بدھ 19 جون کو خطاب کرتے ہوئے ایشیا پیسیفک کے لیے گُوگل کے سربراہ کریم تیمسامانی کا کہنا تھا کہ یہ سروس قدرتی آفات کی صورت میں متبادل ایمرجنسی نظام کے طور پر بھی کام کر سکتی ہے۔
گُوگل کی طرف سے گزشتہ ہفتے ہزاروں غبارے کرہ ہوائی میں چھوڑنے کا ایک خفیہ منصوبہ آشکار کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد دنیا کے ایسے دور دراز علاقوں کے رہائشیوں کو آن لائن لانے کی کوشش ہے جو 20ویں صدی کی اس جدید ایجاد کے ثمرات سے ابھی تک دور ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق یہ تعداد چار ارب کے قریب ہے۔
گُوگل کے سائنسدانوں نے ہفتہ 15 جون کو ہیلیم گیس سے بھرے 30 تجرباتی غبارے نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ کے مقام سے فضا میں روانہ کیے۔ 20 کلومیٹر کی بلندی تک جانے والے ان غباروں میں ایسے انٹینیا موجود تھے جو زمین پر موجود اسٹیشنز سے رابطے میں تھے۔